17 اگست ، 2012
کراچی…کراچی میں سفاری پارک کے مرکزی دروازے کے سامنے دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا سفاری پارک کے سامنے بس کے قریب ہوا ۔کراچی یونیورسٹی سے آنے والے راستے پر کے ای ایس سی کے سب اسٹیشن کے قریب مین یونیورسٹی روڈ پر 2ڈی روٹ کی بس دھماکے کا نشانہ بنی ہے جس کے علاوہ قریب سے گزرنے والی چھ گاڑیوں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے، ایک درجن کے قریب زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے کو رینجرز اور پولیس نے گھیرے میں لے لیا، واضح رہے کہ دھماکے کے وقت بھی جائے وقوع کے قریب رینجرز کی موبائل موجود تھی۔دھماکے کی نوعیت کا واضح تعین نہیں ہوسکا تاہم اندازہ لگایا جارہا ہے کہ دھماکا سڑک پر نصب بم کے پھٹنے سے ہوا ہے۔دھماکے کے بعد یونیورسٹی روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا ہے۔ دھماکے سے سفاری پارک کی دیوار اور مرکزی دروازے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا قریب سے گزرنے والی گاڑی کا سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔