Time 05 نومبر ، 2019
کھیل

بابر اعظم ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل اور ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

بابر نے اس سال 3 سنچریاں بھی اسکور کیں اور وہ ایک سال میں 3 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں — فوٹو،فائل

پاکستان ٹی ٹوئنٹی  کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک سال میں 1600 ٹی ٹوئنٹی (انٹرنیشنل و ڈومیسٹک)  رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے، ان سے قبل یہ اعزاز صرف ویرات کوہلی اور کرس گیل کو حاصل تھا۔

 بابر اعظم سال 2019ء میں بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور اپنی شاندار بلے بازی سے مسلسل نئے ریکارڈز بناتے جارہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر رواں سال  پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اپنے 1600 رنز مکمل کیے۔

بابر اعظم ایک سال میں 1600 ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر دنیا کے تیسرے کرکٹر ہیں، ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2015ء میں ایک ہزار 665 اور بھارت کے ویرات کوہلی  نے سن 2016ء میں ایک ہزار 614 رنز بنائے تھے۔

 بابر اعظم اس سال 1601 رنز بناچکے ہیں اور ان کے پاس کرس گیل کا ریکارڈ توڑنے کےلیےایک اور  اننگز باقی ہے۔

بابر نے اس سال ٹی ٹوئنٹی میچز میں 3 سنچریاں بھی اسکور کیں اور ایک سال میں 3 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، مجموعی طور پر سال 2019ء میں انہوں نے 38 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 15 مرتبہ 50 یا اس سے زائد اسکور کیا جو ان کی بہترین فارم کی نشاندہی کرتا ہے۔

اس سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بابر اعظم نے انگلینڈ میں وائٹالٹی بلاسٹ میں 578 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے 335 رنز بنائے تھے جبکہ حال ہی میں ہونیوالے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بابر اعظم نے 219 رنز اسکور کئے ۔

بابر اعظم نے رواں سال 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 368 رنز بنائے ہیں ۔

25 سالہ بابر اعظم کے اس سال کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو انہوں نے 4 ٹیسٹ اننگز،  20 ون ڈے  اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر 1604 انٹرنیشنل رنز بنائے جو اس سال انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کے سب سے زیادہ رنز ہیں ۔

مزید خبریں :