07 نومبر ، 2019
مغربی دفاعی اتحاد نارتھ ایٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ملٹری اسٹاف نے جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی پر گفتگو کی گئی جبکہ نیٹو کے ڈی جی نے خطے میں امن کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ملٹری اسٹاف، لیفٹننٹ جنرل ہانس ورنر ورمن نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیٹو کے ڈائریکٹر جنرل نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔