17 نومبر ، 2019
لاہور کے علاقے مغل پورہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 40 سالہ عامر موٹر سائیکل پر مغل پورہ سے صدر بازار کی طرف جا رہا تھا کہ گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ایس ایچ او تھانہ مغل پورہ کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا۔
ان کا کہنا تھا جہاں پتنگ بازی کا واقعہ ہوا وہاں کے متعلقہ پولیس افسران ذمہ دار ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد مغل پورہ پولیس نے پتنگ باز عدیل، قاسم اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں اقدام قتل اور پتنگ بازی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ متوفی عامر علی کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، پتنگ باز عدیل کے بھائی قاسم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ عدیل اور باقی پتنگ بازوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔