22 دسمبر ، 2024
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف نے افسران اور فوجی جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کا مقابلے کرنے والے جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، پاک فوج قوم کی حمایت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر ملک میں امن و استحکام کی بحالی یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کیلئے ثابت قدم رہے گی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف افسران اور جوانوں کے عزم کو سراہا، انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کے حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہاکہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی بہادری پورے ملک کو متاثر کرتی ہے۔
جنرل عاصم منیر نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں، سہولتکاری اور مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش میں 8 خوراج ہلاک اور 16 جوان شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج قوم کی حمایت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کر ملک میں امن و استحکام کی بحالی یقینی بنائے گی: جنرل عاصم منیر کی وانا میں جوانوں سے گفتگو— فوٹو: آئی ایس پی آر