پاکستان

فارن فنڈنگ کیس: ’اپوزیشن عوام کو گمراہ کررہی ہے، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے‘

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن فارن فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کرائی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا، اپوزیشن اپنی خفت مٹانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس اور احتجاج کر رہی ہے۔

اجلاس میں معاشی ٹیم نے ملکی معیشت سے متعلق حاصل کی گئی کامیابیوں پر جبکہ اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور اسد عمر منگل کو ممنوعہ فنڈنگ کیس پر نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا اپوزیشن فارن فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے، ہم نے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کرائی ہیں، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے، قوم کو کیس کے قانونی پہلوؤں کی تفصیل سے آگاہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اپنی خفت مٹانے کے لیے اے پی سی اور احتجاج کررہی ہے،عوام نے اپوزیشن کے احتجاج کو مسترد کردیا، اپوزیشن عوامی حمایت کھو چکی اب چار سال انتظار کرے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف میں 23 خفیہ اکاؤنٹس کی موجودگی کا الزام عائد کیا ہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں درخواسٹ دائر کر رکھی ہے،ان کا مؤقف ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا محل بہہ جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے بھی الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کیا ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :