25 نومبر ، 2019
پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کی بیماری اور میڈیکل رپورٹ پر قائم ہیں۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں نواز شریف کی صحت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب نواز شریف کو جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو پھر ڈاکٹرز کی رپورٹ یاد آ گئی، رپورٹ میں تو تھا کہ مریض کو دل کا بھی مسئلہ ہے، کڈنی بھی خراب ہے، شوگر بھی بڑھی ہوئی ہے، مریض کو باہر جانے کی اجازت نہ دی تو وہ کسی بھی وقت گیا۔
انہوں نے مزید کہاتھا کہ سوچ رہا ہوں جہاز دیکھ کر مریض ٹھیک ہوا یا لندن کی ہوا لگتے ہی مریض ٹھیک ہو گیا، ابھی تک پتہ نہیں لیکن اس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا میں پھر سے رپورٹ دیکھ رہا تھا کہ ہارٹ ٹھیک نہیں، شوگر ٹھیک نہیں اور پلیٹیلیٹس بھی کم ہیں لیکن سیڑھیاں چڑھتے دیکھا تو کہا کہ اللہ تیری شان ہے۔
اب سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کبھی یہ نہیں کہا گیا کہ نواز شریف چل پھر نہیں سکتے، وہ نواز شریف کی بیماری اور میڈیکل رپورٹ پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تین سنگین بیماریاں لاحق ہیں، ڈاکٹروں کی تجویز تھی کہ نواز شریف کے بعض ٹیسٹ بیرون ملک ہی ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پنجاب حکومت کی جانب سے بنائے گئے میڈیکل بورڈ کی سفارش پر علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں۔