پاکستان
Time 01 دسمبر ، 2019

پاکستان کے اداروں کے درمیان نئے میثاق کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے اداروں کے درمیان نئے میثاق کی بنیاد رکھنے کی ضرورت ہے، جب تک اداروں کے درمیان توازن نہیں ہوگا پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اِس وقت ادارے اپنا اختیار بڑھانے کو مد نظر رکھے ہوئے ہیں، اپوزیشن بھی ایک ادارہ ہے لہٰذا ہمیں دونوں ایوانوں کی مشترکہ کمیٹی بنا کر آرمی چیف کی مدت ملازمت اور معاشی پالیسیوں پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے اداروں کے درمیان اختیارات کے توازن کے لیے نئے میثاق اور 'نیو ڈیل' کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے جو گریٹر ڈائیلاگ کی بات کی ہے، اداروں کو اس کی طرف جانا چاہیے۔

'آرمی چیف نے ہمیشہ سول اداروں کومضبوط کرنے کی بات کی'

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف نے ہمیشہ سول اداروں کو مضبوط کرنے کی بات کی ہے  جب کہ وزیراعظم بھی اداروں کا استحکام چاہتے ہیں۔

 فواد چوہدری الیکشن کمیشن کے چیف اور ممبران کے تقرر کے معاملے پر بھی پُرامید نظر آئے اور ان کاکہنا تھا کہ اس معاملے پر اتفاق ہوجائے گا جو نام شہباز شریف نے بھیجے ہیں وہ بھی سنجیدہ ہیں اور تحریک انصاف کے نام بھی ٹھیک ہیں۔

طلبا یونین کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  طلبا یونینز کو بحال ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :