11 دسمبر ، 2019
لاہور کی احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کےخاندان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خاندان کے اثاثے ضبط کرنے کے حوالے سے محفوظ فیصلہ سنادیا۔
نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں شہباز شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کی استدعا کی تھی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت نے شہباز شریف،ان کے بیٹوں حمزہ شہباز، سلیمان شہباز اور دونوں بیگمات نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے نام اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ نومبر میں نیب لاہور کی جانب سے شہبازشریف خاندان کے مختلف کمپنیوں میں شیئرز منجمد کردیے گئے تھے جب کہ بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے متعلقہ بینکوں کو بھی خط لکھے گئے تھے۔
جس کے بعد 3 دسمبر کو نیب نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جن میں ان کی 13 جائیدادیں شامل ہیں جب کہ ان احکامات کی توثیق کے لیے نیب نے احتساب عدالت میں درخواست بھی دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کیا ہے۔