21 اگست ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ کے سریاب روڈ پر ایف سی کے کانوائے کو نشانہ بنانے کیلئے ریموٹ کنڑول کار دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 خواتین اور 4 بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر ڈگری کالج کے قریب سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں ہوا، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں ایف سی کے کانوائے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جو کہ دھماکے کے وقت وہاں سے گزررہا تھا، دھماکے کے نتیجے میں 2 راہگیر صاحب علی اور محمد اسلم جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں میں 5 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ دھماکے میں 2 رکشوں، ایک گاڑی اور ایک گدھا گاڑی تباہ ہوگئی، جبکہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اوربم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 30 سے 35 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جبکہ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے میں تباہ ہونے والی 91 ماڈل کی آلٹو کار چوری کی ہے۔