21 اگست ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سینئر صحافی شمیم الرحمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ شمیم الرحمان صحافت میں ایک بڑا مقام رکھتے تھے اوران کے انتقال سے صحافت کی دنیا میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مرحوم کے تمام لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔(آمین)۔دریں اثناء مرحوم کی نماز جنازہ و تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون ، ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے جوائنٹ انچارج ناصر جمال ،رکن امین الحق نے شرکت ۔بعدازا ں انہوں نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے ایم کیوایم جرمنی فرینکفرٹ یونٹ کے کارکن صالح جی کے انتقال پرگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے ۔صالح جی کی عمر 80 سال تھی اوروہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔صالح جی مرحوم کی تدفین فرینکفرٹ کے مقامی قبرستان میں کی گئی جس میں ایم کیوایم جرمنی کے ذمہ داران وکارکنان نے شرکت کی ۔ الطاف حسین نے صالح جی مرحوم کے تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہار کیا اور دعاکی کہ اللہ تعالیٰ صالح جی مرحوم کی مغفرت فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورتمام سوگواروں کوصبرجمیل عطاکرے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے سینئر رکن سرفرازاحمد کی علالت پر گہری تشویش کااظہارکیاہے اوران کی جلدازجلدصحتیابی کیلئے دعاکی ہے ۔سرفرازاحمددل کے عارضہ میں مبتلاہیں اورطبیعت کی خرابی کے باعث انہیں اتوارکی شب لندن کے مقامی اسپتال میں داخل کیاگیاہے۔ ایم کیوایم کے تمام کارکنوں اورحق پرست عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرفرازاحمدکی صحتیابی کیلئے دعاکریں۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی لندن کے ارکان اورسیکریٹریٹ کے کارکنوں نے مقامی اسپتال میں سرفرازاحمدکی عیادت کی اوران کی صحتیابی کیلئے دعاکی ۔