21 اگست ، 2012
مظفرآباد…آزاد کشمیر میں شدید بارش کے دوران پہاڑی تودے گر نے سے پانچ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق باغ کے علاقے چھتر نمبر دو میں بارش کے دوران مکان پر پہاڑی تودہ گرگیا۔ واقعے میں ایک خاندان کے تین افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو ئے۔ مرنے والوں میں دو بچے 6 ماہ کی ایمان اور تین سالہ سہیل بھی شامل ہیں۔ٹیری کے علاقے میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئیں۔ مظفرآباد کے علاقے شہید گلی میں پہاڑی تودے کے نیچے دب کر پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں سے تیس سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ نیلم بھی متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے وادی نیلم کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے۔