23 اگست ، 2012
کوئٹہ… کوئٹہ میں ائرپورٹ روڈ پر اقوام متحدہ کے گودام میں لگی آگ پر سات گھنٹے بعد مکمل طور پر قابو پالیا گیا ۔آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کاسامان جل کر راکھ ہوگیا۔ کوئٹہ کے ائر پورٹ روڈ پر کلی گل محمد میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کے گودام میں سہہ پہر چار بجے گودام میں اچانک اگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساتھ واقع گوداموں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اورآگ پر قابو پانے کیلئے کوششیں شروع کردیں۔ فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق تقریباً سات گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ بجھائی جاسکی جس کے بعد کولنگ کا کام شروع کردیا گیا۔ گوادم کے چوکیدار جمعہ خان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے پہلے دھماکے کی آواز آئی تھی تاہم ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ عمارت میں دھماکہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔۔ویئرہاوٴس میں آگ کی اطلاع پرپولیس اور دیگر سیکیورٹی حکام کے ساتھ ساتھ یو این ایچ سی آر کے صوبائی سربراہ چارلس ہیچ بھی وہاں پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ تاہم واقعے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔ یو این ایچ سی ار کے ویر ہاوس میں آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کاسامان جل کر راکھ ہوگیا۔