09 جنوری ، 2020
شیخوپورہ کی خان پور نہر پر جواں سال لڑکی کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، پولیس کے مطابق 22 سالہ مقتولہ مہوش لاہور کے علاقے ساندہ کی رہنے والی تھی جسے اس کے والد نے غیرت کے نام پر قتل کیا اورلاش گڑھے میں پھینک دی۔
پولیس کے مطابق 2 جنوری کو شیخوپورہ کی خان پور نہر پر گڑھے سے ایک نامعلوم لڑکی کی لاش ملی جس کی بائیو میٹرک کے ذریعے شناخت کی گئی۔
مقتولہ کے والد اختر سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ ملزم نے بتایا کہ اسے مہوش کے کردار پر شک تھا، اس نے اپنے ملازم حیدرعلی کی مدد سے مہوش کو خان پور نہر پر لے جاکر قتل کر دیا اور لاش گڑھے میں پھینک دی۔
واردات کے بعد ملزم نے لڑکی کے لاپتہ ہونے کی جھوٹی رپورٹ تھانہ شاہدرہ میں درج کرا دی۔
ملزمان سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا اور انہیں کل مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔