23 اگست ، 2012
لاہور … پاکستانی وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے اپنی ایک ویڈیو فیس بک پر اپ لوڈ کی ہے جس میں ان کے سر، آنکھ اور دیگر حصوں پر زخم دکھائے گئے ہیں، اہل محلہ کے مطابق ذوالقرنین کا اپنے بھائیوں سے جھگڑا ہوا تھا اور پولیس نے صلح کرادی تھی۔ جیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے سوشل ویب سائٹ فیس بک پر اپنی ایک بلا عنوان ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں انہوں نے خود کو لگنے والے زخم دکھائے ہیں۔ ویڈیو میں ذوالقرنین حیدر کے سر پر گہرا زخم موجود ہے جبکہ ان کی آنکھ پربھی چوٹ کا نشان واضح نظر آرہا ہے۔ ویڈیو میں سابق وکٹ کیپر کی گردن پر بھی زخم کے متعدد نشان دیکھے جاسکتے ہیں۔نمائندہ جیو نیوز سہیل عمران کے مطابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کی جانب سے ویڈیو میں کچھ واضح نہیں کیا کہ انہیں یہ زخم کس طرح لگے، ویڈیو سے متعلق یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ کب کی اور کہاں کی ہے۔ واضح رہے کہ ذوالقرنین حیدر نے گزشتہ دنوں کامران اکمل اور سلیکشن کمیٹی پر الزامات عائد کئے تھے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ شوکاز نوٹس جاری کئے جانے کے بعد ذوالقرنین حیدر نے فیس بک پر ویڈیو اپ لوڈ کی۔ دوسری جانب اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ذوالقرنین حیدر کا اپنے بھائیوں سے جھگڑا ہوا تھا، ممکن ہے کہ اس دوران ذوالقرنین کو زخم آئے ہوں۔ اہل محلہ کے مطابق ذوالقرنین حیدر واقعے کے بعد ماڈل ٹاوٴن تھانے بھی گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنے بھائیوں کے خلاف درخواست دی تھی، جس میں جھگڑا ختم کرانے والے علاقہ مکین کا نام بھی شامل کردیا گیا تھا۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے ذوالقرنین حیدر اور ان کے بھائیوں کے درمیان صلح کرادی تھی جس کے مطابق ذوالقرنین کا اپنے بھائیوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوگا جبکہ تمام بھائی ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔ صلح نامے کے مطابق ذوالقرنین حیدر اور دیگر بھائی ایک دوسرے کے پورشن میں بھی نہیں جائیں گے۔ اس حوالے سے جب ذوالقرنین سے رابطے کی کوشش کی گئی تو ان کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ گھر پر نہیں ہیں، کل میڈیا سے بات کریں گے۔