Time 22 جنوری ، 2020
پاکستان

کراچی:ہندو آبادی کی جھگیوں میں آگ عبادت کیلئے جلائے گئے چراغ سے لگی، ضلعی انتظامیہ

لیاری ایکسپریس وے کے فلائی اوور کے نیچے ندی کنارے ہندو باگڑیوں کی کچی آبادی میں رات ساڑھے 10 بجے آگ لگی تھی،فوٹو:آئی این پی

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں لیاری ندی کے کنارے ہندو آبادی کی جھگیوں میں آگ جھونپڑی میں عبادت کے لیے جلائے گئے دیے سے لگی جس کے نتیجے میں  180 جھگیاں جل گئیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ لیاقت آباد فہیم خان کے مطابق اس آبادی کے پرانے رہائشی پھول فروش بیرجو ولد موتی لال نے بیان دیا ہے کہ وہ اس آبادی میں اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔

 اس کی والدہ گزشتہ رات  ماموں کے گھر گئی ہوئی تھی اور اس کے بھائی پھول بیچنے کے لئے گئے ہوئے تھے جب کہ ایک بھائی کھلونے بیچنے گیا تھا۔ گھر میں اس کی چھوٹی بہن اور 9 سالہ بھتیجی تھی۔

 بیرجو کے مطابق اس نے تیل منگوایا پھر اس کی بہن نے چراغ جلا کر پیٹی پر رکھ دیا۔

بیرجو کے مطابق وہ روٹیاں لینے چلا گیا جب کہ بھتیجی کھیلنے کے لیے باہر نکلی تو تیل ختم ہونے پر بجھنے سے قبل چراغ سے شعلہ لپکا جس سے جھگی میں آگ لگ گئی، جو تیز ہوا کی وجہ سے پوری آبادی میں پھیل گئی۔ 

بیر جو کا کہنا ہے کہ  وہ روٹیاں لے کر واپس آیا تو پوری آبادی شعلوں کی لپیٹ میں تھی۔ 

سب ڈویژنل مجسٹریٹ لیاقت آباد فہیم خان کے مطابق یہ ابتدائی شہادت سامنے آئی ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

 انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی سروے کے مطابق جلنے والی جھگیوں کی تعداد 180 ہے اور 200 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :