24 اگست ، 2012
اسلام آباد…پنجاب سمیت ملک بھر میں دریاوٴں اور بیراجوں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے تاہم بعض مقامات پر پانی کے بہاوٴ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ارسا حکام کے مطابق شمالی علاقہ جات میں بارشوں کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوکر 1503 فٹ ہوگئی جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1175 فٹ ہے۔ ارسا حکام کے مطابق پہلی ترجیح ذخائر کو ان کی بلند ترین سطح تک لانا ہے۔ واپڈا کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 57 ہزار 200 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے۔ جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 33 ہزار 400 جبکہ اخراج 12 ہزار کیوسک اور چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد84 ہزار اور اخراج 49 ہزار کیوسک ہے۔