پاکستان
Time 31 جنوری ، 2020

وسیم اکرم اپنی اہلیہ شنیرا کے مشکور

فوٹو: فائل

سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے 5 ماہ قبل ساحلِ سمندر کی صفائی سے متعلق ایک مہم کا آغاز کیا تھا جس کی کامیابی پر وسیم اکرم نے اہلیہ کا شکر ادا کیا۔

وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے شنیرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’شنیرا کا اس ضروری مہم کو شروع کرنے کے لیے شکر گزار ہوں، تمام سرکاری عہدیداروں اور بڑے پیمانے پر ان کارکنوں کا شکریہ جنہوں نے یہاں ہر صبح آکر اسے ایسا بنایا جیسا اب یہ نظر آرہا ہے‘۔

سابق کپتان نے اپنی ویڈیو میں کلفٹن کا ساحل دکھاتے ہوئے کہا کہ ’میں کراچی میں ہوں، صرف آپ کو یہ دکھا رہا ہوں کہ ایسا دنیا میں کہیں بھی ہوسکتا ہے، یہ ایک خوبصورت اور صاف ستھرا ساحل ہے اور یہ کلفٹن کا ساحل ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس صاف ستھرے ساحل کا سہرا ان تمام لوگوں کو جاتا ہے جو اس کام میں شریک تھے، اس سے یہ پتا لگتا ہے کہ اگر ہم سب اکٹھا ہو جائیں اور کوئی بھی عہد کریں تو ہم وہ حاصل کرسکتے ہیں‘۔

بعد ازاں وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے بہت فخر ہے، ہمارا کیا شہر ہے!!‘

وسیم اکرم کے علاوہ اسپورٹس اینکر زینب عباس سمیت سابق کرکٹر شعیب اختر نے بھی شنیرا کو ان کی کوششوں پر مبارکباد دی۔

شنیرا اکرم کی کلین بیچ مہم

واضح رہے کہ شنیرا اکرم اور سماجی کارکن کراچی سے گندگی اور ماحولیاتی آلودگی دور کرنے کے لیے متحرک ہیں جس کی آگاہی کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے چند ماہ قبل سوشل میڈیا پر کراچی کے ساحل پر گندگی اور سرنجوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا جسے خطرناک اور غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے ساحل کو شہریوں کے لیے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں شنیرا اکرم نے رضاکاروں کو جمع کیا اور ان سب نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر  کلفٹن کے ساحل کی صفائی کی تھی اور اب کراچی کا ساحل سمندر صاف ستھرا  ہے۔


مزید خبریں :