پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2019

شنیرا اکرم پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کیلئے متحرک

— فوٹو فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے مستقبل میں نئی نسل کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے واک کا اعلان کیا ہے۔

شنیرا اکرم کراچی سے گندگی اور ماحولیاتی آلودگی دور کرنے کے لیے متحرک ہیں جس کی آگاہی کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کررہی ہیں۔

انہوں نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کراچی کے ساحل پر گندگی اور سرنجوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا جسے خطرناک اور غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے ساحل کو شہریوں کے لیے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ 15 منٹ کی واک کے دوران چار درجن سے زائد سرنجیں ملی ہیں جب کہ سرنجوں کی موجودگی حفظان صحت کے مطابق نہیں جس کے بعد متعلقہ عملہ ساحل پر پہنچا اور کچھ دیر میں ساحل کو صاف کردیا گیا تھا۔

تاہم اب شنیرا اکرم نے مستقبل میں نئی نسل کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے کراچی کے مقام فیرئیر ہال پر آج شام چار بجے واک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کے 156 ممالک میں اس واک کا انعقاد کیا گیا ہے جسے GLOBAL CLIMATE STRIKE کا نام دیا گیا ہے عالمی ماحولیاتی مارچ۔

اس واک کا اعلان سوئیڈن ماحولیاتی کارکن گریٹا ٹھنبرگ نے سوشل میڈیا پر کیا ہے جو آج سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔

گریٹا ٹھنبرگ نے کہا کہ اسے دنیا بھر میں پھیلائیں، اب ملاقات ہوتی ہے گلیوں میں۔ 













ایسے میں شنیرا اکرم نے بھی اس کا حصہ بنتے ہوئے جواب دیا کہ ہم پاکستان میں کرتے ہیں۔


انہوں نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنے ملک، اپنے اطفال، اپنے ماحول اور ایک ہوکر باقی دنیا کے ساتھ واک کرتے ہیں تاکہ ہم اپنے مستقبل کو آلودگی سے بچا سکیں۔


مزید خبریں :