Time 14 فروری ، 2020
کھیل

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، مکمل فٹ ہوں: شعیب ملک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ان کا فی الحال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ ابھی فٹ ہیں۔

کراچی میں پشاور زلمی کے ٹریننگ سیشن کے بعد جب شعیب ملک میڈیا سے گفتگو کے لیے آئے تو انہیں ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

سینیئر آل راؤنڈر نے کہاکہ  انہوں نے یہ ذکر پہلے ضرور کیا تھا کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے لیکن یہ ان کا حتمی فیصلہ نہیں، جب ورلڈ کپ قریب آئے گا تو پھر سوچیں گے لیکن فی الحال ان کا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ فٹ ہیں، رنز بنا بھی رہے ہیں اور فیلڈنگ میں رنز روک بھی رہے ہی، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مرضی سے کرنا کھلاڑی کا حق ہے۔

شعیب ملک گزشتہ برس ون ڈے کرکٹ اور اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بدستور دستیاب ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ ان کو کپتانی کا شوق نہیں اور وہ اس بارے میں سوچ بھی نہیں رہے، ان کی توجہ اپنی پرفارمنس پر ہے اور بطور کھلاڑی اپنی ٹیم کے لیے بہتر سے بہتر کرنا ان کی خواہش ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لیگز میں ان کی اچھی فارم رہی ہے، امید ہے اس سلسلے کو پی ایس ایل میں بھی جاری رکھیں گے، پی ایس ایل میں مقامی کھلاڑیوں میں ان کی پرفارمنس ٹاپ 5 میں ہے تاہم خواہش ہے کہ اس کو مزید بہتر کریں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی نے پاکستان کرکٹ کے لیے بہت سپورٹ کی ہے، پاکستانی کرکٹرز اور عوام سیمی کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔

خیال رہے کہ شعیب ملک نے بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا جس کے باعث پاکستان کو فتح حاصل ہوئی تھی۔ 

سابق کپتان شعیب ملک نے جولائی 2019 میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

شعیب ملک نے 14 اکتبور 1999 میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا، دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 19 سالہ ون ڈے کیریئر میں 287 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 34.55 کی اوسط سے 7 ہزار 534 رنز بنائے اور 158 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب ملک نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر میں 9 سنچریاں اور 44 نصف سنچریاں بنائیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 143 رنز تھا۔

مزید خبریں :