ویلنٹائن ڈے کا کھانا جوڑے نے ریسٹورنٹ کے بجائے پولیس اسٹیشن میں کھایا

لندن میں ایک پریمی جوڑے کے ویلنٹائن کے دن رومانوی لنچ کے وقت پولیس پہنچ گئی اور جوڑے کو چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا— فوٹو: فائل

لندن میں ایک پریمی جوڑے کے ویلنٹائن کے دن رومانوی لنچ کے وقت پولیس پہنچ گئی اور جوڑے کو چوری کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

میٹروپلیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ہم نے اس مشکوک آدمی کو دیکھا جو ایک گھر میں چوری کرنے کے بعد اُسی دن ویلنٹائن ڈے کے لیے ریسٹورنٹ میں بکنگ کرانے آیا تھا۔

اس کے علاوہ پولیس نے دونوں افراد سےگھر میں ہونے والی چوری سے متعلق سوال جواب کیے اور ساتھ ہی بروٹن لین کے ایک گھر سے چوری ہونے والے مہنگے ترین کپڑے اور ہینڈ بیگز کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہم نے مشتبہ شخص کو سی سی ٹی وی میں دیکھا جس میں وہ بہت ہی اطمینان کے ساتھ صبح کے وقت ریسٹورینٹ کا دورہ کررہا ہے، اُس سے کچھ منٹ پہلے ہی مشتبہ شخص پر ایک خاتون کے گھر میں چوری کرنے کا الزام تھا۔

جب پولیس ریسٹورنٹ پہنچی تو انھیں اپنی قسمت پر یقین نہیں آیا کہ اُسی آدمی نے ویلنٹائن ڈے پر دو افراد کے لیے ٹیبل بُک کروائی ہے۔

ان تمام معلومات کے ذریعے پولیس نے دونوں کو پکڑنے کے لیے پورا انتظام کیا اور ریسٹورینٹ کے باہر ان کا انتظام کرنے لگے اور جوں ہی وہ ریسٹورینٹ پہنچے پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

آدمی پر نقب زنی جبکہ خاتون پر مہنگی چیزیں چرانے کا الزام ہے۔ پولیس دونوں کو سینٹرل لندن پولیس اسٹیشن لے گئی اور دونوں کو وہیں رکھا ہے۔

مزید خبریں :