08 فروری ، 2012
بہاولپور… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ نگران حکومت پربامقصدمشاورت نہ ہوئی تو20ویں ترمیم منظورنہیں ہوسکتی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے متعلق ہمارا مطالبہ بالکل جائز ہے، نگران حکومت کے معاملے پر ماضی کی مشاورت نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کا مطلب یہ نہیں کہ اپوزیشن کو خط لکھ دیں تو مشاورت ہوگئی، حکومت نے مشاورت کو مذاق بنا دیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم صاحب سے کہیں بات پرقائم رہاکریں، ہردوسرے دن بدل نہ جائیں۔ میموگیٹ اسکینڈل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ اس معاملے پر پیچھے نہیں ہٹی اور ہمارا آج بھی یہ موٴقف ہے کہ اس پتہ لگنا چاہیے کہ اس سازش کے پیچھے کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے لوگ میمو اسکینڈل کی ہر سماعت پر عدالت جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہاولپور کو صوبہ بننا چاہیئے، بہاولپورالگ صوبہ بنانے پروزیراعظم کابیان انکاذاتی موقف ہوسکتاہے۔