27 فروری ، 2020
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیراعلٰی خیبر پختونخوا (کے پی) محمود خان کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وزیراعلیٰ فوادچوہدری سے کہہ رہے ہیں کہ اس (ٹی وی اینکر) کو تھپڑ مار کر آپ نے بہترین کام کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملاقات میں وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان فواد چوہدری کی جانب سے (نجی ٹی وی اینکرکو) تھپڑ مارنے پر سراہ رہے ہیں۔
وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ 'اس کو تھپڑ مار کر آپ نے بہترین کام کیا ہے'۔
فواد چوہدری کہہ رہے کہ ریٹنگ کے لیےآپ کہہ رہے ہیں کہ میری فوٹیجز ہیں،میں نے اس کو کہا تمھارا اپنا کوئی گھربار نہیں ہے۔
ملاقات میں وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسف زئی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ضیاء اللہ بنگش بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شوکت یوسف زئی بھی فواد چوہدری کے عمل کی تائید کرتے نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گذشتہ ماہ ایک شادی کی تقریب کے دوران نجی ٹی وی کے اینکر کو تھپڑ رسید کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری نے ٹی وی اینکر کو تھپڑا مارا جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہو گئے تھے جس کے بعد تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے دونوں میں بیچ بچاؤ کرایا۔
اس سے قبل گذشتہ سال جون میں بھی فواد چوہدری نے فیصل آباد میں ایک تقریب میں ایک ٹی وی اینکر کو تھپڑ مارا تھا۔