’گاڑی کا بریک نہ لگنے پر بمپر دروازے پر لگا‘، نبیل گبول کی وضاحت

پیپلزپارٹی کے رہنما نیبل گبول نے چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد معاملے کی وضاحت کردی۔

اپنے بیان میں نیبل گبول نے کہا کہ گاڑی کا بریک نہ لگنے پر بمپر دروازے پر لگا، چوکیدار سور ہا تھا تو اس کی بندوق اٹھائی، خدشہ تھا کہ وہ گھبرا کر فائرنہ کردے اس لیے بندوق کو انَ لوڈ کرنے کی کوشش میں غلطی سے گولی چل گئی۔

نبیل گبول نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین فشریز کوآپریٹو سوسائٹی پر کرپشن کے الزامات ہیں اور ان پر بنایا گیا مقدمہ جھوٹا ہے۔

نبیل گبول نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری بھی حاصل کرلی عدالت نے نبیل گبول کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

مسائل پر بات کرنے عبدالبر کے گھر گیا تھا، نبیل گبول

عدالت سے ضمانت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ عوامی مسائل پر بات کرنے عبدالبر کے گھر گیا تھا۔

چیئرمین فشرمین سوسائٹی عبدالبر کے گھر پر حملے کے کیس میں کراچی کے سیشن جج جنوبی نے 14 مارچ تک نبیل گبول کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل پر بات کرنے چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے گھر گیا۔ بریک نہیں لگا اور گاڑی دروازے سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی پر نیب اور اینٹی کرپشن میں مقدمات چل رہے ہیں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ انہوں نے جس گھر میں اپنا دفتر قائم کررکھا ہے وہ گھر لطیف کھوسہ کا ہے، ان سے با ت ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نبیل گبول کے خلاف ڈیفنس تھانے میں چیئرمین فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے گھر پر دھاوا بولنے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ایف آئی آر چوکیدار کی مدعیت میں درج کی گئی تھی۔

مزید خبریں :