27 مارچ ، 2020
بلوچستان میں کورونا وائرس کے 2 مریض مکمل صحتیابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے جبکہ ایک ڈاکٹر فرض کی ادائیگی کے دوران مہلک وائرس کا شکار ہوگیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ بلوچستان میں ایک ڈاکٹر فرائض کی ادائیگی کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے، کورونا کے مریضوں سے رابطے میں رہنے والے ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد اسے شیخ زاید اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا کےخلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ کے شیخ زاید اسپتال میں علاج کے بعد 2 مریضوں کی کورونا رپورٹ منفی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں مریضوں کو صحتیابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں 2 مریضوں کی صحتیابی کے بعد ملک بھر میں مہلک وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل سندھ میں 14، گلگت میں 6، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں 2، 2 اور ایک مریض پنجاب میں صحتیاب ہوا ہے۔
دوسری جانب ملک میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 1298 ہے جن میں سے بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 131 ہے جبکہ صوبے میں ایک مریض انتقال کرچکا ہے۔