پاکستان
Time 04 اپریل ، 2020

وزیراعظم کا کوروناکے مریضوں کیلئے ایکسپو سینٹر لاہور میں قائم فیلڈ اسپتال کا دورہ

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں کورنا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ اسپتال کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔

وزیراعظم نے  کورونا کے مریضوں کے لیے قائم ایک ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا،اس موقع پر وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے انہیں بریفنگ دی۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے وزیراعظم کو بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فیلڈ اسپتال قائم کیے گئے ہیں اور سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور جہلم میں بھی قرنطینہ سینٹر بنادیے گئےہیں۔

اس موقع پر ایکسپو سینٹر میں موجود میو اسپتال لاہور کے سینیئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی سربراہی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے صرف 9 روز میں ایکسپو سینٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ اسپتال تیار  کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 سو سے زیادہ ہوچکی ہے جن میں 41 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں،کورونا کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب میں آئے ہیں جن کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے یہاں کلک کریں

مزید خبریں :