29 اگست ، 2012
کراچی… کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین سیاسی کارکنوں سمیت 9افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نارتھ کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ مارٹن روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں چل بسا۔ واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں بند ہوگئیں۔ مشتعل افراد نے ایک بس کو آگ لگا دی اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کرحالات پرقابوپالیا اور دو افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق مارٹن روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والاشخص مجاہد متحدہ کا کارکن تھا وہ سابق عہدیدار بھی رہ چکاتھا۔ ترجمان اے این پی کے مطابق ایم پی آر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہیدار امان اللہ جاں بحق ہوگئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر شاہی سید نے واقع کی شدید مذمت کی ہے۔بلدیہ میں فائرنگ کے واقع میں خاتون ہلاک ہوگئی۔نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں گھر کے باہر بیٹھے ایک اشرف نامی شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ جمشید روڈ پر بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، مقتول عاقب سیاسی جماعت کا کارکن بتایا جاتا ہے۔ لائنزایریا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد، دانش اور فراز کو زخمی کردیا جو اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑگئے۔ ادھر کورنگی ڈھائی نمبرمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ذوالفقارعلی نامی شخص ہلاک ہوگیا۔کراچی بلدیہ ٹاون میں گذشتہ ہفتے فائرنگ سے زخمی ہونے والے مذہبی جماعت کے دو کارکن دم توڑ گئے۔