29 اگست ، 2012
کراچی … سپریم کورٹ نے سندھ میں ڈیپوٹیشن پر تعینات بعض افسران کے عہدے نہ چھوڑنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کردی، ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عہدہ چھوڑ کر تحریری غیر مشروط معافی مانگ لی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس امیر ہانی مسلم نے حکومت سندھ میں ڈیپوٹیشن کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے ڈیپوٹیشن پر تعینات ڈائریکٹر فوڈ سندھ طالب مگسی کی درخواست نمٹادی۔ سپریم کورٹ نے ڈیپوٹیشن پر تعینات بعض افسران کے عہدے نہ چھوڑنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا سندھ کے افسران ترقی سے محروم رہیں گے، اس موقع پر ڈائرکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عہدہ چھوڑ کر تحریری غیر مشروط معافی مانگ لی جبکہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ جسٹس انور کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، محکمے کے سربراہان عدالتی احکامات کے باوجود ڈیپوٹیشن پر افسران کو کیسے رکھ سکتے ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد ہائیکورٹ کوئی احکامات یا فیصلہ نہیں دے سکتی، سندھ ہائیکورٹ میں جاکر ڈیپوٹیشن پر حکم امتناع نہیں لیا جاسکتا، عدالت کو گمراہ نہ کیا جائے۔