08 فروری ، 2012
اسلام آباد . . . . . سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی انٹرا کورٹ اپیل کل سماعت کیلئے مقرر کردی، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ وزیراعظم نے توہین عدالت کی فرد جرم عائد ہونے کے حکم کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی جسے سپریم کورٹ نے سماعت کے لئے منظور کر لیا۔ بینچ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس میاں شاکر اللہ جان، جسٹس جواد ایس خواجہ، جسٹس انور ظہیر جمالی، جسٹس خلجی عارف حسین، جسٹس طارق پرویز، جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل ہے۔ اپیل کی سماعت کرنے والے بینچ میں وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس والے 7 رکنی بینچ میں سے کوئی جج شامل نہیں۔