پاکستان
Time 22 اپریل ، 2020

پاکستان کورونا کے معاملے پر سارک ممالک کی ویڈیو کانفرنس کی میزبانی کرے گا

 کانفرنس علاقائی سطح پر تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے،دفتر خارجہ،فوٹو:فائل

پاکستان کوروناوائرس کے حوالے سے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے رکن ملکوں کی ویڈیو کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی تجویز پر سارک رکن ممالک کی ویڈیو کانفرنس جمعرات 23 اپریل کو ہو گی جس میں کورونا وبا کی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں سارک رکن ملکوں کے وزراء، سینیئر حکام  اور سارک کے سیکرٹری جنرل شریک ہوں گے جب کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں کورونا سے نمٹنے کے لیے رکن ملکوں کے درمیان قریبی تعاون پر بات چیت ہو گی اور  رکن ممالک کورونا سے نمٹنے کے لیے اپنے تجربات اور قومی کوششوں سے آگاہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ کانفرنس علاقائی سطح پر تعاون کے فروغ  کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کی 15 تاریخ کو بھارت نے کورونا وائرس کے حوالے سے سارک سربراہان کی ویڈیو کانفرنس کی میزبانی کی تھی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی  ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

 بھارت میں کورونا وائرس کے  20 ہزار سے زائد کیسز

جنوبی ایشیا میں بھارت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 20 ہزار سے زائد مریض اور 652 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، اس کے بعد پاکستان میں 10 ہزار سے زائد کیسز اور 212 اموات ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ بنگلا دیشن میں 3ہزار 700 کیسز  اور 120 اموات، افغانستان میں 1176 کیسز اور 40 اموات، سری لنکا میں 330 کیسز اور 7 اموات ہوئی ہیں۔

مالدیپ میں 86 کیسز ،نیپال میں 45  اور بھوٹان میں 6 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ ان ممالک میں کوئی ہلاکت درج نہیں ہوئی ہے۔

مزید خبریں :