30 اگست ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی نے صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے منصوبوں پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیر اتی معیار کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اْٹھا نہ رکھی جائے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاوس میں جائیکا کی امداد سے سڑکوں اور پلوں کے تعمیراتی منصوبوں کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ صوبائی و دیہی سڑکوں اور پلوں کی بحالی و تعمیر نو کیلئے جاپان کی حکومت جائیکا پراجیکٹ کے تحت ساڑھے 14 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مہیا کرے گی جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو دیہی سڑکوں کی ہنگامی بحالی کے اس 4 سالہ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کا ٹاسک حوالے کیا گیاہے جن میں 11 بڑے پلوں، 353 دیہی اور 96 صوبائی سطح کی اہم سڑکوں کی تعمیر شامل ہے ۔