30 اگست ، 2012
پشاور … القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی کے بارے میں امریکا کو مبینہ معلومات فراہم کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے مقدمے کی سماعت 27ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی جانب سے اپنی سزا کے خلاف اپیل پر آج کمشنر ایف سی آر طارق جمیل کی عدالت میں سماعت ہونا تھی تاہم کمشنر ایف سی آر طارق جمیل کی سرکاری امور کی انجام دہی کے سلسلے میں عدم موجودگی کے باعث سماعت نہ ہوسکی۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے مقدمے کی سماعت اب 27ستمبر کو ہوگی۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو 23مئی 2012ء کو خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ نے ایک کالعدم تنظیم سے روابط رکھنے اور تنظیم کے افراد کے علاج کے الزام میں 33سال قید کی سزا سنائی تھی۔