26 اپریل ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشیر برائے قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو سندھ حکومت کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر خط لکھ کر قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے ایف آئی آئی کو خط میں لکھا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف گمراہ کن آڈیو اور ویڈیو ٹیپ پھیلائی گئیں جس میں صنعتکاروں اور تاجروں سے رشوت طلبی کا الزام لگایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر دو جعلی آڈیو ٹیپ وائرل کی گئیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے بھی جعلی آڈیو سوشل میڈیا پرشیئرکی تاہم تاجر اور صنعتکاروں نے بے بنیاد الزمات کی خود تردید کی۔
خط کے متن کے مطابق سندھ حکومت کے خلاف من گھڑت مہم چلائی گئی جس کا مقصد سندھ حکومت کو متزلزل کرنا ہے۔
انہوں نے جعلی آڈیو وائرل کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی آڈیو پھیلانے والوں کےخلاف ایکشن لیاجائے۔
خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 23 مارچ سے لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ صوبائی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے تاجروں کو طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد کرتے ہوئے کاروبار کی اجازت دے دی ہے۔