دنیا
Time 29 اپریل ، 2020

حرمین شریفین عام افراد کے لیے کھولنے کی تیاری

سعودی وزارت حج و عمرہ نے حرمین شریفین عام افراد کے لیے کھولنے کی تیاری کرلی ہے۔

حرمین پریذیڈنسی کےسربراہِ اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ عمرہ، طواف اور نماز کے لیے حرم شریف جلد کھول دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام مسلمان جلد روضہ رسولﷺ پر بھی حاضری دے سکیں گے۔

شیخ عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ  نمازیوں کو حرمین شریفین میں داخل ہونے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گذشتہ ماہ حرمین شریفین میں عام نمازیوں اور معتمرین کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

 بیت اللہ شریف کے طواف کے لیے محدود افراد کو داخلے کی اجازت دی جارہی  تھی اور نماز میں بھی صرف حرم میں کام کرنے والا عملہ شریک ہوتا تھا جب کہ اس دوران نماز کے دوران سماجی فاصلے کے اصول پر بھی سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب مسجد نبویﷺ میں یہی طریقہ کار اپنایا گیا تھا اور صرف عملے کی  محدود تعداد ہی نماز میں شریک ہورہی تھی۔

 کورونا وائرس کی وجہ سے خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی باڑ لگائی گئی ہے جب کہ اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت مطاف کو بند کردیا گیا تھا۔

 وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں افطار دسترخوان پر بھی پابندی ہے، اس کے بجائے مستحق افراد میں راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد21 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 157 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :