08 فروری ، 2012
لاہور…لاہور میں جیل روڈ پر پیرا میڈیکل اسٹاف کے مظاہرے کے دوران 4 گھنٹے تک بدترین ٹریفک جام رہا،اس دوران کئی ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنس گئیں،ایک ایمبولینس میں موجود دل کی مریضہ وہیں تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی،بے بسی کے عالم میں لواحقین کی چیخ و پکار اور ایمبولینس کے ہوٹر کا بھی کسی پر کوئی اثر نہ ہوا۔پیرا میڈکس الائنس پنجاب کے زیرِ اہتمام دوپہر دو بجے پی آئی سی کے باہر ریس کورس چوک میں احتجاج شروع کیاگیا،مظاہرین نے جیل روڈ پر ٹریفک جام کر دیا،مصروف شاہراہ پر چند ہی منٹ میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،،پی آئی سی اور سروسز اسپتال میں لائے جانے والے مریضوں کی متعدد ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنس گئیں،4گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہنے سے ایمبولینسز میں موجود مریضوں سمیت شہری شدید کرب کا شکار رہے،اس دوران میو اسپتال سے پی آئی سی لائی جانے والی گلبرگ کی رہائشی 60سالہ سلیمہ بی بی ایمبولینس میں ہی دم توڑ گئی،ورثاء کی چیخ و پکار اور ایمبولینس کے ہوٹر کی آواز سے بھی کوئی دل نرم نہ ہوا،شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کے احتجاجی مظاہروں سے وہ عاجز آ چکے ہیں، انہیں کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔