31 اگست ، 2012
اسلام آباد … حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا، ڈاکٹر عاصم حسین نے نئی قیمتوں کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوادی، پیٹرول 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے فی لیٹر تک اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم عوام تک اس اضافے کا 50 فیصد منتقل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوادی ہے جس کے مطابق 50 فیصد اضافے کے بعد پیٹرول 3 روپے 88 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگا اور اس کی نئی قیمت 100 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔سمری کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے بڑھ کر 109 روپے 16 پیسے کرنے کی تجویز ہے جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 93 پیسے اضافے کے ساتھ 99 روپے 28 پیسے فی لیٹر ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اوکٹین کی قیمت 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر بڑھا کر نئی قیمت 129 روپے 10 پیسے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور لائٹ ڈیزل 2 روپے 77 پیسے اضافے کے بعد 96 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی اعلان آج کیا جائے گا جبکہ ان کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔