01 ستمبر ، 2012
کیوٹو … وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے کہا ہے کہ لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے سے رہائی اور سویڈن میں اس کا کیس ختم ہونے میں 6 ماہ سے ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے، ممکن ہے اسے مزید ایک سال سفارتخانے میں ہی گزارنا پڑے۔ جولین اسانج نے جنسی سکینڈل میں سویڈن میں تفتیش سے بچنے کیلئے لندن میں قائم ایکواڈور کے سفارتخانے میں پناہ لے لی تھی۔ ایکواڈور کے حکام کا کہنا ہے کہ جولین اسانج کے معاملہ پر برطانوی حکام کے ساتھ جاری مذاکرات میں کوئی راہ نکل آئے گی۔ جولین اسانج کو خطرہ ہے کہ سویڈن کے حکام تفتیش کے بعد اسے امریکہ کے حوالے کر دیں گے۔ ایکواڈور کے حکام اس بات کی گارنٹی چاہتے ہیں کہ جولین اسانج کو برطانیہ یا سویڈن کے حکام امریکہ کے حوالے نہیں کریں گے۔