دنیا
Time 27 مئی ، 2020

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈيا بند کرنے کی دھمکی دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات کے بعد  اب سوشل میڈیا سے بھی محاذ آرائی پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈيا بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ریپبلکن (ٹرمپ کی پارٹی کے لوگ) محسوس کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم قدامت پسندوں کی آوازوں کو مکمل طور پر خاموش کردے گا، تو ایسا ہونے سے پہلے ہی ہم انہيں یا تو قاعدے میں لائيں گے یا پھر انہيں بند کردیں گے اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2016 کے الیکشن میں بھی انہوں(سوشل میڈیا) نے اس طرح کی کوشش کی تھی لیکن ناکام ہوئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹوئٹر نے امریکی صدر کے 2 ٹوئٹس کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر جھوٹے دعوے کرنے کا الزام لگایا ہے۔

گذشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے پوسٹل بیلٹ یعنی ڈاک کے ذریعے  انتخابات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹس کی تھیں جن میں ان کا کہنا تھا کہ  ڈاک کے ذریعے ووٹ دھوکے سے کم نہیں، میل باکس لوٹ لیے جائیں گے، ووٹ جعلی ہوں گے اور غیر قانونی طور پر پرنٹ ہوں گے اور دھوکہ دہی سے دستخط کیے جائیں گے۔

امریکی صدر کی ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے ان کی ٹوئٹس پر 'فیکٹ چیک‘ کا لیبل لگا دیا گیا تھا۔

ٹوئٹر کی جانب سے ایسا اس وقت کیا جاتا ہے جب کسی ٹوئٹ میں  مبینہ طور پر غلط یا گمراہ کُن معلومات فراہم کی گئی ہوں۔

اپنے ردعمل میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ  ’ٹوئٹر آزادی اظہار رائے کو دبا رہا ہے،  میں بحیثیت صدر ایسا نہیں ہونے دوں گا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  ٹوئٹر 2020ء کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کر رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ سے متعلق میرا بیان غلط ہے۔

مزید خبریں :