29 مئی ، 2020
صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تعداد تین سو سے تجاوز کر گئی۔
سندھ میں عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران پولیس کے 60 سے زائد اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعداد 326 ہوگئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اب تک سندھ پولیس کے کورونا وائرس سے متاثر 80 ملازمین صحتیاب ہو کر گھروں کو بھی لوٹ چکے ہیں جب کہ دو افسران سمیت 5 اہلکار مہلک وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
سینٹرل پولیس آفس ذرائع کے مطابق 241 افسران اور اہلکار میں ابھی بھی کورونا وائرس موجود ہے اور وہ مختلف اسپتالوں، میڈیکل سینٹرز یا اپنے گھروں میں آئسولیٹ ہیں۔
کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے لاک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کے لیے پولیس فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کر رہی ہے۔
پولیس چیک پوسٹس پر ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کو روزانہ ہزاروں شہریوں کو ڈیل کرنا پڑتا ہے اور یہی عمل ان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا سبب بن رہا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی طرف سے کورونا وائرس سے جاں بحق پولیس اہلکاروں کو شہید کا درجہ دینے کے لیے سفارشات سینٹرل پولیس آفس بھیجی جا چکی ہیں۔
اگر آئی جی سندھ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ منظور کرلیتے ہیں تو کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو شہداء کی مراعات ملیں گی۔