بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ذاتی معلومات کی شیئرنگ پر پابندی عائد

 ذاتی معلومات کی شیئرنگ سے متاثرہ افراد ذہنی کوفت کا شکار ہورہے ہیں اور انہیں امتیازی رویوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے: سیکرٹری صحت بلوچستان. فوٹو: فائل

بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ذاتی معلومات کی شیئرنگ پر پابندی عائد کردی گئی۔

اب بلوچستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثر کسی بھی مرد، خاتون، بچوں یا فیملی کی ذاتی معلومات کی شیئرنگ ممنوع ہوگی۔

یہ بات پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی کی جانب سے تمام اسپتالوں کے سربراہاں کو لکھے گئے مراسلے میں کہی گئی۔

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ ذاتی معلومات کی شیئرنگ سے متاثرہ افراد ذہنی کوفت کا شکار ہورہے ہیں اور انہیں امتیازی رویوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ ذاتی معلومات کی شیئرنگ کے واقعات کے بعد اسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرح میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سماجی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کوئی ایسی اچھوت وباء نہیں کہ مریضوں کو حقارت سے دیکھا جائے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر اسپتالوں اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کورونا وائرس کے متاثرین کی ذاتی معلومات کسی بھی طور لیک نہ کی جائے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 5 ہزار 220 سے زائد افراد متاثر اور 51 اموات ہو چکی ہیں۔

مزید خبریں :