04 جون ، 2020
کراچی میں آج بھی گزشتہ روز کی طرح آندھی چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی کے شمال مغرب میں لسبیلہ اور اوتھل کے قریب موجود ہے جب کہ سسٹم کا رخ مشرق کی جانب ہے جس سے کراچی میں آج بھی آندھی چل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آندھی سے شہر کے شمالی اور شمال مشرقی حصے متاثر ہو سکتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ آندھی کے دوران 45 سے 54 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جب کہ شہر کی گرمی اور زائد نمی کا تناسب سسٹم کی شدت بڑھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لیا تھا جس کے بعد مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 18 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔