Time 03 جون ، 2020
پاکستان

کراچی میں آندھی، مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے

کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا شہر کافی دیر تک گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں رہا جبکہ کچھ علاقوں میں آندھی کے بعد بارش بھی ہوئی۔ 

آندھی کے باعث دیوار گرنے اور مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 18 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گلشن معمار فقیراگوٹھ کےقریب دیوارگرنےسےایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہوئے ہیں۔ سعدی ٹاؤن میں مکان کی دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔

تیسر ٹاؤن میں چھت گرنےسےایک شخص جاں بحق ہوا، گلشن معمارمیں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے گزررہا ہے، گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے، شہر کے شمالی حصے میں تھنڈر اسٹارم سیلز بن گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آندھی 54سے 74کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آندھی کے باعث حدنگاہ 1کلومیٹر ہوگئی تھی، عام دنوں میں حد نگاہ 5 سے 6کلو میٹر ہوتی ہے، مغربی سسٹم اور دن میں پڑنے والی گرمی اور نمی کا تناسب ملنے سے آندھی چلی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ کل شام میں ایک بار پھر آندھی چل سکتی ہے،کل کی آندھی کی شدت آج کی طرح زیادہ نہیں ہوگی۔

بجلی کی فراہمی معطل

طوفانی ہواؤں کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ صدر، گلستان جوہر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، ملیر، نیوکراچی،کورنگی و دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔

تیز ہوائیں چلنے کے بعد محکمہ موسمیات کے دفتر کی بجلی بھی معطل ہوگئی۔

نارتھ کراچی میں آندھی کے باعث گھروں کےشیشے ٹوٹ گئے،  سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں آندھی کے باعث دکانوں کے چھجے اور چھتیں گر گئیں۔

آندھی کے باعث چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آندھی کی وجہ سے شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہوا، شارع فیصل، راشد منہاس روڈ ،یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ رہا ، صدر، ایم اے جناح روڈ، حسن اسکوئر پر بھی آندھی کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ رہا۔

بھینسوں کے باڑے میں آگ لگنے سے متعدد جانور ہلاک

سرجانی سیکٹر 9 میں بھینسوں کے باڑے میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں متعدد جانور ہلاک ہوگئے۔

 ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین نے بتایا کہ  تیز ہواؤں کے باعث آگ بھوسے میں لگی۔

سرجانی میں باڑے میں آگ لگنےسےدرجن سےزائدمویشیوں کے  ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ باڑہ مالکان کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع دینے کے باوجود فائربریگیڈ تاخیر سے پہنچی، آگ کے باعث 250 باڑے جل گئے، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے پاس پانی نہیں تھا۔

ایک باڑے کے مالک عاطف قادری نے بتایا کہ آگ باڑے کو جلا کر خود بجھ گئی تو فائربریگیڈ پہنچی، درجنوں جانور ہلاک  ہوگئے، باڑے میں 85 بھینسیں اور دیگر مویشی تھے، کچھ مر گئے کچھ بھاگ گئے۔

مزید خبریں :