15 جون ، 2020
نام نہاد جمہوریت کا دعوے دار بھارت پاکستان دشمنی میں تمام سفارتی آداب بھول گیا، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا محاصرہ کر لیا۔
اسلام آباد میں آج بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں نے راہگیر کو گاڑی کی ٹکر مار کر شدید زخمی کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی توموقع پر موجود شہریوں نے ان دونوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا،تاہم سفارتی استثنیٰ ہونے کی وجہ سے دونوں اہلکاروں کو مقدمہ درج کرکے رہا کردیا گیا۔
پاکستان کے اس سفارتی احترام کے برعکس بھارتی سیکیورٹی فورسز نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیا،اس دوران پاکستانی ہائی کمیشن سے کسی کو باہر جانے یا اندر آنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
اس کے علاوہ بھارتی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کا پیچھا کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سفارت کاری کے ویانا کنونشن کے برعکس بھارتی دارالحکومت میں پاکستانی ناظم الامور کی کڑی نگرانی جاری ہے اور بھارتی ایجنسیاں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کا ان کی رہائش گاہوں تک پیچھا کرتی ہیں۔