16 جون ، 2020
ملکی عسکری قیادت نے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اور علاقائی سلامتی پر جامع بریفنگ لی۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے ہیڈکوارٹرز میں عسکری قیادت کا خیر مقدم کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کرنے والی عسکری قیادت میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور شامل تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت کو علاقائی سلامتی پر جامع اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عسکری قیادت نے قومی سلامتی کے لیے آئی ایس آئی کی انتھک کاوش کو سراہتے ہوئے پیشہ وارانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔