23 جون ، 2020
کراچی کے علاقے گلبرگ میں سوتیلی ماں نے 3 کمسن بچوں پر ظلم کی انتہا کردی ۔
سوتیلی ماں نے تین کمسن بچوں کو کئی ماہ سے برہنہ کرکے زنجیروں سے باندھا ہوا تھا، بھوکا پیاسا رکھنے کے باعث بچے ہڈیوں کا ڈھانچہ بن گئے۔
پڑوسیوں نے زبردستی گھر میں گھس کر بچوں کو آزاد کرایا اور پولیس کو بلالیا، پولیس نے بچوں کو شیلٹر ہوم بھیجنے کے بجائے دوبارہ سوتیلی ماں کے سپرد کردیا۔
جیو نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے معصوم بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر ضلع وسطی کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے کل سوتیلی ماں سمیت تمام افراد کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے مطابق بچوں کو والدین کے ہمراہ انہی کے گھر میں رکھا جائے گا اور اگلے 3 ماہ تک ڈی ایس پی گلبرگ ہر روز خاندان سے ملاقات کریں گے۔
پولیس نے بتایا کہ بچے بتائے بغیر تین تین دن کے لیے گھر سے بھاگ جاتے ہیں تو سوتیلی ماں نے گھر میں رکھنے کے لیے انہیں زنجیز سے باندھ کر رکھا تھا۔
پولیس نے بچوں اور ماں کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔
خیال رہے کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر جیو نیوز نے یہ یقینی بنایا ہے کہ واقعے میں شامل افراد کی شناخت ظاہر نہ ہو اور چہرے بھی شناخت نہ کیے جاسکیں۔