24 جون ، 2020
پشاور میں پولیس لاک اپ میں ملزم کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، واقعے کے خلاف متعلقہ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو معطل جب کہ 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پشاور کے ایک پولیس لاک اپ میں پولیس اہلکاروں نے ایک ملزم کو برہنہ کیا ہوا ہے جب کہ ملزم کو پولیس سے معافیاں مانگتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کی نشے کی حالت میں پولیس کو گالیاں دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے تہکال سے تعلق رکھنے والے شخص کو گذشتہ ہفتے گرفتار کیا تھا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے جب کہ واقعہ میں ملوث تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں حد سے تجاوز کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، شہریوں کی جان و مال اور عزت کی حفاظت پولیس کی ذمہ داری بنتی ہے۔