کراچی میں خواتین کو لوٹنے والے گروہ کے 2 ملزمان گرفتار

ملزمان نے 30 سے زائد خواتین سے  لوٹ مار کرنے کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے،فوٹو:جیو نیوز

کراچی کے ضلع شرقی کے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کی پولیس نے خواتین سے ڈکیتیاں کرنے والے اسٹریٹ کرمنلز کے گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان امیر اور دلاور کے قبضے سے لوٹا گیا سامان اور زیورات برآمد ہوئے ہیں جب کہ ان کے قبضے سے 2 پستول بھی برآمد ہوئے ہیں جس پر ان کے خلاف اسلحہ آرڈیننس کے تحت 2 الگ مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شرقی ساجد امیر سدوزئی کے مطابق گرفتار ملزمان نے ماضی قریب میں کراچی کے مختلف علاقوں میں 30 سے زائد خواتین سے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کرنے کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

 ایس ایس پی شرقی کے مطابق دونوں ملزمان کو ایک شہری  کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا،گرفتار ملزمان شاپنگ کے لیے آنے والی خواتین سے لوٹ مار کی واردات کرتے تھے۔ 

ملزمان نے بہادر آباد، نمائش چورنگی اور طارق روڈ پر  خواتین سے لوٹ مار کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

مزید خبریں :