Time 13 جولائی ، 2020
کھیل

لاک ڈاؤن: کرکٹ کوچ عمران خٹک نے ٹیکسی چلانا شروع کر دی

زندگی کا نظام اچھا چل رہا تھا پہلے کمپنی کی ٹیم اور اکیڈمی کی سرگرمیاں ختم ہو ئیں اور پھر گھر چلانے کے لیے اپنی ذاتی گاڑی کو ٹیکسی بنا لیا: عمران خٹک —فوٹو جیو نیوز

کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کے ہر شعبے کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ، لوگ بے روز گار ہو کر مالی مسائل سے دوچار ہو رہے ہیں اور اپنے پیشے سے ہٹ کر کام کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں ان میں پی سی بی کے لیول ٹو کوچ عمران خٹک بھی شامل ہیں جو اب زندگی کا پہیہ چلانے کے لیئے ٹیکسی چلا رہے ہیں۔

عمران خٹک نے پی سی بی لیول ون کوچنگ کورس کے بعد لیول ٹو کرکٹ کوچنگ کورس بھی کی اور  وہ 10 برس سے کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں، ماڈل ٹاؤن کی ایک اکیڈمی کے علاوہ ایک کمپنی کے ساتھ بھی وابستہ رہے۔

انہوں نے سلمان بٹ، وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ جیسے ٹیسٹ کرکٹرز کے ساتھ اکیڈمی میں کام کیا۔ 

—فوٹو جیو نیوز

مگر مارچ میں کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں کیا بند ہوئیں عمران خٹک کا روز گار بھی بند ہو گیا اور پھر انہوں نے ٹیکسی چلانا شروع کر دی۔

عمران خٹک کہتے ہیں کہ زندگی کا نظام اچھا چل رہا تھا، پہلے کمپنی کی ٹیم اور اکیڈمی کی سرگرمیاں ختم ہو ئیں اور پھر گھر چلانے کے لیے اپنی ذاتی گاڑی کو ٹیکسی بنا لیا۔

عمران خٹک کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہو سکتی ہیں تو پاکستان میں بھی ایس او پیز کے ساتھ سرگرمیاں شروع ہو سکتی ہیں تاکہ لوگ اپنے پروفیشن کی طرف واپس آسکیں ۔

کوچ عمران خٹک نے کہا کہ پروفیشنل کوچز کے لیے ایک پالیسی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں تعلیمی اداروں میں کوچنگ مل سکے، ڈومیسٹک اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہونی چاہیے تاکہ سیکڑوں افراد کا روزگار شروع ہو۔

—فوٹو جیو نیوز


مزید خبریں :