پاکستان
Time 15 جولائی ، 2020

ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ کیخلاف ایک اور بڑی کارروائی

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کے خلاف ایک اور کارروائی کرتے ہوئے  92 لاکھ روپے نقد رقم، موبائل فونز اور حوالہ اور ہنڈی کی رسیدیں اور دیگر سامان برآمد کرکے دو ملزمان گرفتار کرلیے۔

 تین دنوں کے دوران یہ ایف آئی اے کی پانچویں بڑی کارروائی ہے، ایف آئی اے کو چند ماہ قبل ہی منی لانڈرنگ کے خلاف خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں، یہ اختیارات وزیر اعظم نے فروری میں ایف آئی اے کو تفویض کیے ہیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ نے بتایا کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں کھارادر میں کارروائی کی جس میں دو ملزمان گرفتار کیے گئے اور 92 لاکھ روپے نقد رقم، موبائل فونز اور حوالہ اور ہنڈی کی رسیدیں، لیپ ٹاپس بھی برآمد کیے گئے جن سے حوالہ اور ہنڈی کے لیژر ملے۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی میں چیک بُکس اور چیکس سمیت مختلف کمپنیز کی مہریں بھی ملیں، یہ مہریں حوالہ اور ہنڈی کی رقم کے لیے استعمال کی جاتی ہیں تاکہ شک نہ ہو کہ حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ نئے حاصل شدہ اختیارات کے تحت اب ایف آئی اے اسٹیٹ بینک کے بغیر کارروائی کرسکتی ہے، قانون میں ترمیم کے بعد منی لانڈرنگ ناقابل ضمانت جرم بن گیا ہے۔

منیر شیخ کے مطابق ایف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (اے ٹی ایف) کے مطالبات کے مطابق ٹھوس کارروائیاں جاری ہیں اور ڈی جی ایف آئی اے نے کارروائیوں کا خصوصی ٹاسک دیا ہے۔

مزید خبریں :