Time 17 جولائی ، 2020
پاکستان

پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر نے دوران ملازمت پی ایچ ڈی کرلی

پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر عرفان کی تعلیم دوستی دوسروں کیلئے مثال بن گئی،  عرفان نے دوران ملازمت کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کرلی۔

انسپکٹر جنرل(آئی جی) پنجاب پولیس نے انعام دینے کے لیے طلب کیا لیکن صرف پانچ ہزار کا لفافہ تھمادیا ، سونے پہ سہاگہ لفافہ کھولا تو اس میں بھی 750 روپے 17 فیصد ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے گئے۔

 ہاتھ آئے 4250 روپے، عرفان مزید تعلیم کا بھی خواہش مند ہے۔

لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں تعینات سب انسپکٹر عرفان نے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کر لی۔

سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے سب انسپکٹر ڈاکٹر عرفان کو یہ کہہ کر بلایا گیا کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی جانب سے انہیں کسی انعام سے نوازا جا رہا ہے۔

سب انسپکٹر ڈاکٹر عرفان جب آئی جی پنجاب کے دفتر پہنچا تو اسے پتہ چلا کہ انعام میں صرف پانچ ہزار روپے مل رہے ہیں۔ جب لفافہ کھولا توصرف چار ہزار دو سو پچاس روپے نکلے۔ ساڑھے سات سو روپے سترہ فیصد ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے گئے۔

سب انسپکٹر ڈاکٹر عرفان 2007ء میں پی سی ایس کر کے پولیس میں بھرتی ہوا اور تھانہ وحدت کالونی میں بطور انچارج انویسٹی گیشن تعینات ہے۔ ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی۔

سب انسپکٹر ڈاکٹر عرفان کے دو بھائی پنجاب پولیس میں کانسٹیبل کے عہدے پر تعینات ہیں۔

پی ایچ ڈی کرنے والے اہلکار ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ وہ مزید تعلیم کا خواہش مند ہے اور ا س محکمے میں رہتے ہوئے لوگوں کو انصاف مہیا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں :